لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہےکہ وزیراعظم کے خارجہ پالیسی پر غیر سنجیدہ بیانات سے ہماری ساکھ مجروح ہورہی ہے۔
لاہور کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ کرے، ہم سب جانتے ہیں کیونکہ اوچھے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرتےآرہے ہیں، ہم ان کے ہر اوچھے ہتھکنڈے کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم خارجہ پالیسی سے متعلق غیر سنجیدہ بیانات دے رہے ہیں ان کے بیانات کی وجہ سے ہماری ساکھ مجروح ہورہی ہے، یورپی یونین اور امریکا کا معاملہ سب کے سامنے ہے جب کہ نازک معاملات پر غیر محتاط بیان کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عوام کا فیصلہ ہے ان کے خلاف عدم اعتماد پیش کیا جائے اور تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران خان نے پونے چار سال میں معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے، کرپشن نااہلی کی وجہ سے آج عوام مشکلات کا شکار ہیں۔