وزیراعظم شہباز شریف نے لینڈ انفارمیشن اینڈ منیجمنٹ سسٹم سینٹر آف ایکسلینس (لِمز) کا افتتاح کردیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اسلام آباد میں ہونے والی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی تقریب کے دوران موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق لِمز کے قیام کا مقصد فوڈ سکیورٹی اور زرعی برآمدات کو بڑھانا اور درآمدات کو کم کرکے قومی خزانے پربوجھ کم کرناہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لِمزکے تحت ملک کے اندر کروڑوں ایکڑ غیرکاشت شدہ اراضی کو زیرکاشت لانا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لِمز کے تحت زرعی پیداوار جدیدٹیکنالوجی کےذریعے زیادہ سے زیادہ لی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی ادارہ خوراک کے مطابق36.9 فیصد پاکستانی غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں اور 18.3 فیصد پاکستانی شدید غذائی بحران کا شکارہیں۔
منصوبے کے تحت کسانوں کو موسمی تبدیلیوں، فصلوں کی سیٹیلائٹ نگرانی، پانی،کھاد اور اسپرے کے استعمال کے بارے میں بروقت معلومات دی جائے گی، اس کے علاوہ کسانوں کو منڈیوں تک براہ راست رسائی ملے گی۔
سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارت، قطر اور بحرین کو بھی منصوبے میں شامل کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے۔