وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ بلوچستان کے ضلع نوشکی پہنچے جہاں انہوں نے دہشتگردوں کو شکست دینے والے فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے نوشکی میں 2 فروری کو دہشتگرد حملہ پسپا کرنے میں حصہ لینے والے فوجیوں سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والے نوجوانوں سے مصافحہ کیا اور ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔
نوشکی میں جوانوں سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگری کیلئے پیچھے سے فنڈنگ ہوتی ہے، جو فنڈنگ کرتے ہیں وہ چاہتے ہیں پاکستان کے ٹکڑے ہوں۔
ان کا کہنا تھاکہ ان دہشتگردوں کی کوئی بات نہیں سُنے گا، پاک فوج پر پورا اعتماد ہے، پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان میں کسی قسم کی دہشتگردی کامیاب نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں بلوچستان کوسب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم نے ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔
خیال رہے کہ دو فروری کو نوشکی اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے پسپا کیے تھے اور تمام دہشت گردوں کو مار گرایا تھا۔