وزارت صحت کو ادویات فلسطین بھجوانے کیلئے اجازت نامہ مل گیا

اسلام آباد: وزارت صحت کو ادویات فلسطین بھجوانے کیلئے اجازت نامہ مل گیا۔

غزہ پر اسرائیلی جارحیت میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 3900 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں اسپتال کو بھی نہ چھوڑا اور اسپتال پر کی جانے والی بمباری میں 500 فلسطینی شہید ہوئے۔

فلسطین  پر اسرائیلی جارحیت کے بعد مختلف ممالک کی جانب سے متاثرین کے لیے امدادی سامان بھجوایا جارہا ہے جس میں پاکستان نے بھی امدادی سامان روانہ کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپتالوں میں ادویات کی کمی کے بعد ڈاکٹرز اسپتالوں کے صحن میں مریضوں کو بے ہوش کیے بغیر آپریشن کرنے پر مجبور ہیں۔

غز ہ کی صورتحال پر پاکستان کی جانب سے بھی فلسطینیوں کیلئے ادویات کا بندوبست کیا جارہا ہے جس کے لیے وزارت صحت کو ادویات فلسطین بھجوانے کی اجازت مل گئی ہے۔

وزارت صحت کو اجازت نامہ ملنے کے بعد حکام اب ادویات کی کھیپ این ڈی ایم اے کے سپرد کریں گے، اس کھیپ میں جان بچانے والی ادویات اور  سرجری کے آلات فلسطین بھجوائے جا رہے ہیں۔

حکام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ فلسطین کیلئے میڈیکل ٹیم بھجوانے کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں