سری لنکا کرکٹ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی نہ کر سکا۔
نیوزی لینڈ سے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے شکست کے بعد سری لنکا آئی سی سی مینر ون ڈے ورلڈکپ میں براہ راست شرکت سے محروم ہو گیا۔
سری لنکا کو آخری 5 ایک روزہ میچوں میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا اور سری لنکن ٹیم کو سپر لیگ کے 8 میں سے 7 میچوں میں شکست ہوئی۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق ٹاپ 8 ٹیمیں ورلڈکپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر گئی ہیں جبکہ دیگر 5 ٹیمیں جون جولائی میں زمبابوے میں ہونے والا کوالیفائر کھیلیں گی۔
زمبابوے میں ہونے والے کوالیفائر میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی جس میں سے 5 ٹیمیں آئی سی سی رینکنگ میں 8 سے نیچے نمبر والی ہوں گی جبکہ 5 دیگر ٹیمییں نمیبیا میں ہونے والے کوالیفائر پلے آف کی ٹاپ ٹیمیں ہوں گی۔
کوالیفائر میں سے 2 ٹیمیں بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کا حصہ ہوں گی۔