نیدرلینڈز میں مسافر ٹرین کے حادثے میں ایک شخص ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈچ ایمرجنسی سروس کی جانب سے تفصیلات بتائی گئی ہیں کہ نیدرلینڈز کے گاؤں وورشوٹن میں مسافر ٹرین اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھی کہ حادثہ پیش آیا اور ٹرین پٹری سے اتر گئی۔
حکام کے مطابق ٹرین کو حادثہ پٹری کے قریب پڑے تعمیراتی آلات کے باعث پیش آیا اور ٹرین کھیتوں میں جا گری جب کہ ایک بوگی میں آگ بھی بھڑک اٹھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافر ٹرین میں 60 افراد سوار تھے جن میں سے ایک کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ 30 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی شدید زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ 30 زخمیوں کو موقعے پر ہی طبی امداد فراہم کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے۔