پنجاب اور پاکستان کے دیگر شہروں سے قافلے لاہور پہنچ رہے ہیں،
نواز شریف کے استقبال کیلئے کارکنوں کی اسپیشل ٹرین مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی قیادت میں حیدرآباد ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوئی۔
اس کے علاوہ جامشورو، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، میرپورخاص، سجاول اور تھرپارکر سمیت دیگر اضلاع سے حیدرآباد پہنچنے والے قافلوں کے شرکا حیدرآباد سے چلنے والی اسپیشل ٹرین میں سوار ہو کر لاہور کیلئے روانہ ہوئے۔
کارکنان کی بڑی تعداد سندھی ٹوپی اور اجرک جب کہ تھرپارکر کے قافلے میں شامل کارکنوں نے تھر کی روایتی پگڑی پہنی ہوئی تھی۔
خواتین کارکنوں کی بھی بڑی تعداد ٹرین میں سوار ہے، ن لیگی کارکنان ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کرتے رہے، اسپیشل ٹرین 21 اکتوبر کی دوپہر لاہور پہنچے گی۔
آزاد کشمیر سے ن لیگ کارکنان کے قافلے روانہ
نوازشریف کے استقبال کیلئے (ن) لیگ کے کارکنوں کے قافلے لاہور کیلئے رواں دواں ہیں، کارکنوں نے کوہالہ پل کے مقام پر ریلی بھی نکالی اور نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔
ن لیگ کے سینیئر رہنما ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر کا کہنا تھا کہ کمشیری بڑی تعداد میں نواز شریف کے استقبال کیلئے لاہور پہنچیں گے۔
بلوچستان کے ڈویژن نصیر آباد، جعفر آباد، جھل مگسی، بولان، صحبت پور، سبی، ڈیرہ بگٹی، اوستہ محمد اور ڈیرہ مراد جمالی سمیت مختلف علاقوں سے سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل قافلے لاہور کیلئے روانہ ہوئے۔