بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے اپنی نااہلی کی وجہ مودی کے خوف کو قرار دیا ہے۔
لوک سبھا کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے اگلے روز راہول گاندھی نے پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیا۔
راہول گاندھی نے کہا کہ میری نااہلی کی وجہ نریندر مودی کا میری ان باتوں سے ڈر اور خوف ہے جس میں، میں نے مودی اور اڈانی کے گٹھ جوڑ کی بات کی ہے لیکن میں خوفزدہ نہیں اور سوالات پوچھتا رہوں گا۔
کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ مودی کو میری تقاریر سے خوف ہے، یہ خوف میں نے ان کی آنکھوں میں دیکھا ہے یہی وجہ ہےکہ پہلے گھبراہٹ طاری ہوئی پھر مجھے نااہل کیا گیا۔
راہول گاندھی نے کہا کہ میری پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر کو حذف کیا گیا جس پر لوک سبھا کے اسپیکر کو ایک طویل خط لکھا، کچھ وزرا میرے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں کہ میں نے بیرونی طاقتوں سے مدد مانگی لیکن ایسا کچھ نہیں ہے، میں کبھی سوال کرنے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
واضح رہے کہ ہتک عزت کے کیس میں راہول گاندھی کو گجرات سورت کی عدالت نے 2 سال قید کی سزا سناکر پھر ان کی ضمانت منظور کی جس کے بعد لوک سبھا نے راہول گاندھی کو نااہل قرار دیدیا۔