نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) برائے تدارک کورونا نے ملک بھر میں سیاحت کے شعبے کو 24 مئی سے ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاحت کے شعبے کو 24 مئی سے ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز سیاحوں سے کورونا منفی رپورٹ طلب کرنے کے پابند ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز سیاحوں سے شناختی کارڈ طلب کرنے کے بھی پابند ہیں، جو افراد ویکسین لگوا چکے وہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی جمع کروائیں گے۔
این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق 50سال اور زائد عمر کے افراد کےلیے بغیر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کمرہ بک نہیں ہوگا، یکم جولائی کے بعد ہوٹلز عملہ 40 سال اور زائد عمر افراد کو بھی بغیر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کمرہ نہیں دےگا۔
این سی او سی کے مطابق ایک کمرہ ایک ہی بندے کےلیے یا دو بڑے افراد اور بچوں کےلیے بک کیا جا سکتا ہے، ٹور آپریٹرز اور ہوٹل انتظامیہ تمام مسافروں کا ڈیٹا فراہم کرنے کے پابند ہوں گے، غیرملکی سیاحوں کےلیے ٹیسٹ، قرنطینہ اور ویکسینیشن پالیسی پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔
این سی او سی کے مطابق سیاحتی مقامات کے داخلی راستوں پر سیاحوں سے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پُر کرائے جائیں گے، سیاحتی مقامات پر جانے سے پہلے مسافر ماسک اور سینیٹائزر کی مناسب تعداد یقینی بنائیں گے۔
این سی او سی نے متعلقہ اداروں کو ایس او پیز پر عمل در آمد کےلیے جرمانے اور دیگر سزائیں یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے