ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

مہاتیر محمد کو سانس کی نالی میں انفیکشن کے سبب ہسپتال داخل کرایا گیا: مشیر سابق وزیر اعظم

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو طبیعت ناسازی کے باعث ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ سابق وزیر اعظم کے مشیر نے ان کی صحت کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ مہاتیر محمد کو سانس کی نالی میں انفیکشن کے سبب کل شام ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

99 سالہ مہاتیر محمد کو پہلے بھی دل کی تکلیف رہی ہے اور ان کی سرجریز بھی ہو چکی ہیں جبکہ انہیں آخری مرتبہ رواں سال جولائی میں ہسپتال داخل ہونا پڑا تھا۔ سابق وزیراعظم سال کے آغاز میں تین ماہ تک ہسپتال میں زیرعلاج رہے تھے۔

مہاتیر محمد کی علالت کی خبر سن کر لوگوں کی بڑی تعداد ہسپتال کے باہر جمع ہو گئی۔ ملکی و غیر ملکی رہنماؤں نے بھی ان کی صحت کے لیے دعا کی ہے۔

واضح رہے کہ مہاتیر محمد پہلی مرتبہ 1981 سے 2003ء اور پھر 2018ء سے 2020ء تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے، انہیں دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ ملائیشیا کے وزیراعظم رہنے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں