مریم نواز پر توشہ خانہ سےگھڑی لینےکا الزام، ایف آئی اے نے فواد چوہدری کو طلب کرلیا

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز پر توشہ خانہ سےگھڑی لینےکا الزام عائدکرنے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے فواد چوہدری کو طلب کرلیا۔

ایف آئی اے نے  پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو 17 مارچ کو طلب کیا ہے، ایف آئی اے نے فواد  چوہدری کو اسلام آباد کے رہائشی راجہ محمد ہارون کی شکایت پر نوٹس جاری کیا ہے۔

شہری کی درخواست میں کہا گیا ہےکہ فواد چوہدری نے مریم نواز  پر توشہ خانہ سےگھڑی لینےکا  جھوٹا الزام عائدکیا،فواد چوہدری نے 12 مارچ رات 9:42  پر اشتعال انگیز اور  جھوٹا ٹوئٹ کیا، ٹوئٹ سے پرائیویسی کے قانون کی خلاف ورزی کی گئی، ٹوئٹ کے ذریعے مریم نواز  کے خلاف عوام کو اشتعال دلایا گیا۔

شہری کا کہنا ہےکہ توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری ہوچکا، اس میں مریم نواز  کےگھڑی لینےکا کوئی ذکر نہیں، دھمکی آمیز  اور قانون کے منافی ٹویٹ پر فواد چوہدری کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر ایف آئی کا نوٹس پوسٹ کیا اور کہا کہ مریم نواز کی ٹوئٹر پر دھمکی کے گھنٹوں کے  اندر ایف آئی اے نے میرے خلاف انکوائری کا  آغاز کر دیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس ملک میں شہری حقوق مکمل طور پر معطل ہو چکے ہیں، سپریم کورٹ کی ان معاملات پر خاموشی تباہ کن ہے، چیف جسٹس صاحب، معاملات پر خاموشی آئین کو معطل کرنےکی منظوری ہوگی۔

بعد ازاں فواد چوہدری نے مذکورہ ٹوئٹ بھی ڈیلیٹ کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں