وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کچھ لوگ حکومت کے خلاف بغض رکھنے کے باعث ہمارے اچھے اقدامات کی تعریف نہیں کرتے اور ہر وقت رونا دھونا لگائے رکھتے ہیں، اپوزیشن والے خود ہی عمران خان کے بغض میں جل کر خاک ہو جائیں گے اور وزیر اعظم عوام اور پاکستان کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اپنے ارکان ان کی قیادت سے ناراض ہیں، اپوزیشن ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، خود تھک کر ہلکان ہوجائے گی، ان کے خلاف ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، سو سنار کی ایک ہوہار کی، ان کو اپنی کوشش کرنے دیں، جب یہ تھک جائیں گے تو ہم اپنے پتے شو کریں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ اپوزیشن آپس میں تقسیم ہے، ان میں کوئی اتفاق اور اتحاد نہیں، گزشتہ روز آپ نے مریم نواز کے آصف زرداری کے بارے میں خیالات سنے، اسی طرح پوری مسلم لیگ (ن) آصف زرداری کے بارے میں کوئی اچھے خیالات نہیں رکھتی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک بکھری ہوئی تباہ حال معیشت ملی تھی، ہماری حکومت نے ایک ایک اینٹ رکھ کر ملک کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو دی گئی پہلی بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ اگر 2 ارب ڈالر کا انتظام نہیں ہوا تو ملک دیوالیہ ہوجائے گا، ہم اپنے دوست ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سخت معاشی حالات میں ہمارا ساتھ دیا اور انتہائی ضرورت کے وقت میں پاکستان کی مدد کی اور ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے بعد ہماری حکومت نے اگلے مرحلے میں وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ملک کے غریب اور پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے سماجی فلاح و بہبود کے وژن کے تحت ہماری حکومت غریب اور پسے ہوئے طبقے کے لیے احساس پروگرام لے کر آئی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ابھی احساس پروگرام شروع کر رہی تھی کہ عالمی وبا کورونا آگیا، جس نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا لیکن وزیراعظم کی قیادت میں جس طرح ہماری حکومت نے کورونا کی وبا کا مقابلہ کیا اس کی دنیا نے تعریف کی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے فوری بعد ہمیں جس چیلنج سے نمٹنا پڑا وہ افغانستان کی صورتحال تھی، اس کے اثرات بھی پاکستان کی معیشت پر پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تمام مشکل حالات کے دوران پاکستان نے اندورنی طور پر کچھ اہم اقدامات کیے جن کے باعث پاکستان کی کنسٹرکشن کی صنعت نے شاندار ترقی کی جبکہ ہماری برآمدات میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے اقدامات کے باعث پاکستان کی زراعت میں زبردست اضافہ ہوا، پاکستان کی بمپر فصلوں کے باعث کسان خوشحال ہوئے اور پاکستان کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا جس کے باعث اب ہم عوام کو ریلیف دینے کے قابل ہوئے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا کردار لائق تحسین ہے، انہوں نے جو ترسیلات زر بھیجیں ان سے پاکستان کی معشیت کو استحکام دینے میں سہارا ملا۔
انہوں نے کہا کہ کل وزیراعظم نے عوام کو بڑا معاشی پیکج دیا، ایسے وقت میں جب دنیا میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھ رہی تھیں ہماری حکومت نے قیمتیں کم کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ایسے وقت میں پیٹرول کی قیمتیں کم کی ہیں جب روس، یوکرین تنازع کے باعث عالمی سطح پر اس کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان کی پانچ بڑی فصلوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، گندم، چاول اور گنے کی بمبر فصلیں ہوئیں، اس سال گنے کا ٹیکس گزشتہ سال کی نسبت 40 فیصد زیادہ ہے جس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ پاکستان نے زراعت کے شعبے میں کتنی اچھی کارکردگی دکھائی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت نے سفید پوش طبقے کو صحت سہولت کارڈ کے ذریعے مفت علاج معالجے کی سہولت دی اور گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے غریب، متوسط اور سفید پوش طبقے کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے آج اعلان کردہ صنعتی پیکج مڈل کلاس طبقے کے لیے خوشحالی لائے گا، اس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک میں صنعت کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جو کام کر رہے ہیں اس کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔