امریکا کے سابق مندوب برائے افغانستان زلمےخلیل زاد نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے حق میں ایک اور بیان دے دیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں زلمےخلیل زاد نے کہا کہ لگتا ہےحکومت نے عمران خان کو ریاست کا اولین دشمن قرار دینےکا فیصلہ کیا ہے، ایسےاقدامات پاکستان کے سیاسی، معاشی اورسکیورٹی بحران کوگہرا کردیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اشارے مل رہے ہیں کہ پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے عمران خان کو نااہل کرنے کا کہہ سکتی ہے، اس سے بین الاقوامی سپورٹ کم ہوجائےگی، پہلےہی کچھ ممالک طے شدہ سرمایہ کاری منصوبےمعطل کرچکے ہیں، آئی ایم ایف سپورٹ اب تک مشکوک ہے۔
اس سے قبل دفترخارجہ نے زلمے خلیل کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر سخت ردعمل دیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خود کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کسی سے مشورے کی ضرورت نہیں، پرعزم قوم موجودہ مشکل صورت حال سے مضبوطی سے نکلے گی۔
خیال رہے کہ زلمے خلیل زاد 2018 سے 2021 تک امریکی صدرکے نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل رہے ہیں۔