لاہور میں قومی اسمبلی کی 14 میں سے 10نشستوں پر مسلم لیگ ن کی جانب سے نام سامنے آگئے ہیں۔
مسلم لیگ ن لاہور کے حلقہ این اے 117، 120،119 اور 121 میں اپنے امیدواروں کا فیصلہ نہ کرسکی، این اے 119 اور 120 میں مریم نواز نےکاغذات جمع کرائے ہیں اور زیادہ امکان ہےکہ وہ 119 سے الیکشن لڑیں گی، باقی 10 حلقوں میں این اے 118 سے حمزہ شہباز، 122 سے سعد رفیق، 123 سے شہباز شریف، 124 سے رانا مبشر اور 125 سے سیف کھوکھر امیدوار ہوں گے۔
اس کے علاوہ 126 سے افضل کھوکھر، 127 سے عطا تارڑ، 128 سے حافظ نعمان، 129 سے مہر اشتیاق اور 130 سے نواز شریف خود میدان میں ہوں گے
این اے 119 سے مریم نواز نے الیکشن لڑا تو سابق ایم این اے علی پرویز ملک اپنے آبائی حلقے سے کھڑے نہیں ہوں گے، انہوں نے این اے 117 میں بھی کاغذات جمع کرائے ہیں، وہ مریم نواز کے سوا اپنا حلقہ کسی کو دینے پر تیار نہیں ہیں ۔
ن لیگ کی آئی پی پی سے ابھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی ہے اور علیم خان نے بھی این اے 119 اور 117 سے کاغذات جمع کرائے ہیں، اگر 117 میں علیم خان کو ایڈجسٹ کیا گیا تو علی پرویز ملک کے لیے لاہور میں کوئی اور حلقہ نہیں بچےگا
این اے 121 میں ایاز صادق اور روحیل اصغر مدمقابل ہیں، ایاز صادق پارٹی ڈسپلن کے پابند ہیں ، روحیل اصغر نے بھی قیادت کو آگاہ کردیا ہےکہ وہ ہر صورت الیکشن لڑیں گے بلکہ انہوں نے اپنے بیٹے خرم کے لیے بھی صوبائی ٹکٹ مانگ لیا ہے۔
ایاز صادق کا موقف ہےکہ نئی حلقہ بندی میں 57 فیصد پرانا علاقہ آتا ہے لیکن وہ پارٹی فیصلے کے پابند ہیں، وہ این اے 120 لینے پر رضامند نہیں کیو نکہ یہ علاقہ زیادہ تر دیہات پر مشتمل ہے۔
ایاز صادق نے این اے 117 سے بھی کاغذات جمع کرائے ہیں، اگر پارٹی ایاز صادق کو یہاں سے ٹکٹ ملتا ہے تو علیم خان سے لاہور میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ممکن نہیں گی۔
ذرائع کے مطابق اگر ایاز صادق کو این اے 117 سے نہیں لڑایا جاتا تو وہ مارچ میں سینیٹ کے الیکشن میں جانےکو ترجیح دے سکتے ہیں