پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے فائنل مقابلے میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
لاہور قلندرز کے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سطانز کی ٹیم 20 ویں اوور میں 138 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی، خوشدل شاہ 32 رنز بناکر نمایاں رہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
قلندرز نے محمد حفیظ کی ذمہ درانہ اور اختتامی اوورز میں بروک اور ویزے کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 180 رنز بنائے، حفیظ 46 گیندوں پر 69 رنز بناکر نمایاں رہے۔
لاہور قلندرز کی اننگز
لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا صرف 25 رنز کے مجموعی اسکور پر ٹاپ 3 بیٹرز پویلین لوٹ گئے، ان فارم فخر زمان3، عبداللہ شفیق 14 اور ذیشان اشرف 7 رنز بناسکے۔
3 وکٹیں گرنے کے بعد حفیظ اور کامران غلام کے درمیان 54 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم 79 رنز کے مجموعی اسکور پر کامران 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تاہم دوسری جانب سے حفیظ نے ذمہ درانہ اننگز کھیلی لیکن وہ بھی 46 گیندوں پر 69 رنز بناسکے۔
اس کے علاوہ اختتامی اوورز میں ہیری بروک اور ڈیوڈ ویزا کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت قلندرز نے مقررہ اوورز میں180 رنز بنائے۔
ہیری بروک نے22 گیندوں پر41 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ویزا نے8 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔
سلطانز کی جانب سے آصف آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیوڈ ولی اور شاہنواز دھانی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ملتان سلطانز کی اننگز
181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سلطانز کے بیٹرز جم کر نہ کھیل سکے اور یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے گئے۔اوپنرز شان مسعود اور کپتان رضوان اس بار اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے،شان 19 جبکہ رضوان 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ رائیلی روسو 15، امیر عظمت6 اور آصف آفریدی ایک رنز بناکر پویلین لوٹے،ایک وقت پر ٹم ڈیوڈ اور خوشدل کے درمیان51 رنزکی شراکت داری قائم ہوئی لیکن وہ بھی سلطانز کو کامیابی نہ دلواسکی۔
ٹم ڈیوڈ 27 جبکہ خوشدل شاہ 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے یوں پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 138 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ٹاس سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئر مین پی سی بی رمیز راجا نے ایونٹ کے بہترین انعقاد پر سکیورٹی اداروں سمیت تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
اس کے علاوہ ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔