پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما زبیر نیازی کی پہلی درخواست پر مقدمہ درج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فریقین کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، ڈیڈ لاک کے دوران فریقین میں چار بار رابطہ ہوا لیکن پولیس اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کے تحفظات پر درخواست گزار فریق نے مشاورت کے لیے دو بار مہلت مانگی، مشاورت کے لیے دی گئی مہلت کی مدت آج شام ختم ہو جائے گی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ مقدمہ درج نہ ہونے کی وجہ سے ملزم حراست میں ہونے کے باوجود اس کی گرفتاری بھی نہیں ڈالی جا سکی ہے جب کہ ملزم نوید کے ویڈیو بیان نے شناخت پریڈ کا عمل بھی متاثر کیا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کے باعث جے آئی ٹی بھی نہ بن سکی، ملزم کے پہلے دن کی ویڈیو تھانہ کنجاہ سے لیک ہوئی اور دوسری سی ٹی ڈی سے لیک ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ملزم نوید کو جمعرات کی صبح سی ٹی ڈی کے حوالے کیا گیا تھا، واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی نے درج کیا تو وہ ریاست کی مدعیت میں ہو گا، مقامی تھانے نے درج کیا تو عمران خان کے سکیورٹی چیف کی مدعیت میں درج ہوگا۔