پنڈ دادنخان: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ عمران خان کی وجہ سے یہ سب چور ایک ہوگئے ہیں اور معیشت جن کی وجہ سے خراب ہوئی اب وہ کہہ رہے ہیں مہنگائی ہوگئی۔
پنڈ دادنخان میں تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت کو نشانے پر رکھا۔
انہوں نے کہا کہ ملازم کے اکاؤنٹ سے 4 ارب روپے نکل آئے، جب تک لوٹا ہوا پیسہ واپس نہیں آئے گا معاف نہیں کیا جائے گا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی وجہ سے یہ سب چور ایک ہوگئے ہیں اور معیشت جن کی وجہ سے خراب ہوئی، وہ کہہ رہے ہیں مہنگائی ہوگئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کبھی فضل الرحمن اور کبھی کسی سے مل رہے ہوتے ہیں، شہباز اور بلاول کا خیال ہے کہ مولانا صاحب کے بچے آئیں گے، سات مرتبہ یہ عمران خان کو گرانے آئےلیکن اللہ عمران خان کا محافظ ہے یہ بال بیکا نہیں کرسکتے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بلاول صاحب اپنی طاقت پر سیاست کریں اور پہلے الیکشن لڑنا سیکھیں، وہ آصف زرداری کی نہیں بینظیر بھٹو کی سیاست کریں، اپنے نانا سے سیکھیں، سیاست وہ ہوتی ہے جو اپنے قد سے کی جاتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان بات کرتا ہے تو چین کا صدر بات غور سے سنتا ہے، 23 سال بعد آج کوئی وزیراعظم روس جارہا ہے، آج پاکستان کے وزیراعظم کی آواز کو امہ کی آواز سمجھا جاتا ہے۔