عمران خان کا لانگ مارچ ‘ورک فرام ہوم’ ہو گیا ہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا لانگ مارچ ورک فرام ہوم میں تبدیل ہوگیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی تقریر سے مجھے یقین ہوگیا ہے کہ عمران خان کو کوئی گولی نہیں لگی، انہیں صرف غم لگا ہوا ہے کہ ان کا لانگ مارچ ورک فرام ہوم میں تبدیل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ان کی بیماری کا کسی طور مذاق نہیں اڑا رہی ہوں بلکہ صرف ایک صحت مند شخص جو بہتان، الزام لگاتا ہے اور جھوٹ بولتا ہے اور صرف یہ کہتا ہے کہ میرا 6 ماہ سے عوام کو بے وقوف بنانے کا بیانیہ لوگ کی سمجھ میں آگیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کا مقصد نہیں بلکہ عمران خان کا مقصد عوام کو ضرور سمجھ آگیا ہے کیونکہ عوام پاگل نہیں، بھیڑ بکریاں اور بےوقوف نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تحریک عدم اعتماد آئی تو اس وقت عمران خان نے کہا امریکی سازش ہوئی اور میرے خلاف امریکا نے سازش کرکے ایک امپورٹڈ حکومت لے آیا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کو غلامی سے بچانا ہے اور آزادی دلانی ہے۔

وزیراطلاعات نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک ایسا شخص ہے جو بھیس اور روپ بدلتا ہے، جھوٹ بول کر یہ سمجھتا ہے عوام ان کے جھوٹ میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج سب سے بڑا سوالیہ نشان عمران خان پر نہیں بلکہ ان لوگوں پر ہے جو ان کی بات پر یقین کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے انہیں نکال دیا گیا، ان کے اتحادی اور اراکین نے یہ جانتے ہوئے ووٹ دیا کہ وہ نااہل ہوسکتے ہیں اور جب تحریک کامیاب ہو رہی تھی تو انہوں نے بند کمرے میں آرمی چیف کو تاحیات توسیع دینے کی پیش کش کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ موصوف کمرے سے باہر میرجعفر کہتا ہے اور نیوٹرل جانور ہوتا ہے، اس کے بعد ان کا اسپیکر قرارداد کو قومی اسمبلی میں وصول کرکے بحث کرنے کی مہلت دیتا ہے اور ووٹنگ کی اجازت دیتا ہے لیکن ووٹنگ والے دن بند کمرے میں آرمی چیف نے ان کی بات نہیں مانی اور یقین ہوگیا ہے کہ تحریک کامیاب ہو ہو رہی ہے تو جھوٹ بول کر عوام کو بے وقوف سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایبسلوٹلی ناٹ، غلامی، حقیقی آزادی اور کچھ دیر پہلے کہتے تھے یہ ڈرتے ہیں کہ سپر پاور ان سے ناراض نہ ہو اور یہی شخص عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے لگتی ہے تو اعلان کرتا ہے میں ملک بند کردوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں