عمران خان مذاکرات کے قابل نہیں: وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو جھوٹا شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مذاکرات کے قابل نہیں ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا گالی، دھمکی اور انتشار سے الیکشن نہیں ملے گا، انتخابات اپنی آئینی مدت مکمل ہونے پر ہی ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات سے متعلق سوال پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا عمران خان جھوٹا شخص ہے، کس کے ساتھ مزاکرات کریں، پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والے سے کریں؟ واضح طور پر بتا دیا ہے کہ عمران خان اس قابل نہیں کہ اس کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا لاشیں بچھانے پر تلے شخص کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے، سڑکوں پر مذاکرات نہیں ہوتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا عمران خان سے مذاکرات کے لیے کوئی کمیٹی نہیں بنائی گئی، معمول کے اجلاس کو شاید کمیٹی سمجھ لیا گیا ہے،

ایک شخص ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ کر گیا، اس شخص نے جاتے جاتے پوری کوشش کی کہ ملک سری لنکا بن جائے، وہ شخص کہتا ہے کہ اس کے خلاف بین الاقوامی سازش ہوئی، اصل میں وہ شخص خود ہی بین الاقوامی سازش ہے، اس شخص نے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو تباہ کیا، وہ شخص اپنا نامکمل ایجنڈا پورا کرنا چاہتا ہے، چار سال تک یہ فارن فنڈڈ فتنہ ملک پر مسلط رہا، 4 سال التوا کا شکار منصوبے دوبارہ شروع کیے جا رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا کہ جب تم کنٹینر پر کھڑے تھے شہباز شریف نے پنجاب میں اسپتال بنائے، سڑکیں بنائیں، شہباز شریف ملک کی معیشت، سفارتی تعلقاتی، معاشی بحالی ،امن، سیلاب متاثرین کی بحالی میں مصروف ہیں، آج بھی تم کنٹینر پر کھڑے ہو کر غلاظت بک رہے ہو، تمھاری 2014 اورآج والی زبان میں کوئی فرق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شخص بےامنی پھیلانے کا منصوبہ مکمل کر رہا ہے، عمران خان اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کا کہہ رہے تھے، اداروں کو عمران خان کے للکار نے کا جشن بھارت میں منایا جا رہا ہے، مودی کا میڈیا کہہ رہا ہے پاکستانی فوج، آئی ایس آئی پر حملہ کریں گے، مودی کا کیمپین منیجر عمران خان کہہ رہا ہے میں خود حملہ کروں گا، دنیا پاکستان کی مدد لیکن عمران خان بدامنی سے سب روکنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں