عدم اعتماد پر ووٹنگ تین اپریل کو ہوگی: شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر د اخلہ  شیخ رشید نے کہا ہےکہ عدم اعتماد پر ووٹنگ تین اپریل کو ہوگی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ابھی 31 تاریخ کو عدم  اعتماد پر بحث ہوگی جس کے بعد ووٹنگ تین اپریل کو ہوگی، تحریک عدم  اعتماد کا فیصلہ آخری گھنٹے تک جائے گا۔

انہوں  نے کہا کہ سیاست میں جیت ہار ہوتی ہے لیکن ایک بات طے ہے کہ قوم عمران خان کے ساتھ ہے یہ جلسے نے ثابت کیا ہے۔

شیخ رشید  کاکہنا تھاکہ اتحادیوں کے بارے میں کہا تھا ق لیگ ہمارے ساتھ آئے گی، اب دعا ہے ایم  کیو ایم بھی ہمارے ساتھ آئے کیونکہ ایم کیو ایم کا فیصلہ بڑا فیصلہ کن ہوگا لیکن مذاکراتی کمیٹی میں شامل نہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی انتظار ہے، جن لوگوں نے عمران خان کو ہٹانے کے لیے انٹرنیشنل سازشیں اور سرمایہ کاری  کی وہ ناکام ہوں گے۔

انہوں  نے مزید کہا کہ کوشش ہے تین تاریخ کو اپوزیشن 172 بندے پورے نہ کرسکے، میں بہت گھبراہٹ میں تھا لیکن اللہ نے دکھایا لوگ عمران کے ساتھ ہیں، چاہے الیکشن کا رزلٹ کچھ بھی ہو۔

شیخ  رشید  نے کہاکہ فوری الیکشن کا حامی ہوں، حج کے بعد الیکشن ہونے چاہئیں، عمران خان اچھا بجٹ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنڈی والے ذمہ دار لوگ ہیں وہ پاکستان کے ساتھ ہیں اور حالات سے بخوبی واقف ہیں، وہ پاکستان کے معاملات کو سمجھتے ہیں، اگر انہوں نے غیر جانبداری کا  مظاہرہ  کیا تو اچھی بات ہے، اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، ہم ہر چیز پنڈی پر ڈال دیں تو اچھی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ چوہدریوں میں بغاوت کی خبر غلط ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں