اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کے اتحاد اور تحریک عدم اعتماد کو وقتی بلبلا قرار دیدیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم وفاقی دارالحکومت میں دھرنا دینے نہیں آرہے، اس بات میں فرق محسوس کریں، کچھ چیزیں ایسی ہیں جو وزیراعظم قوم سے شیئرکرناچاہتے ہیں اور جلسے کے ذریعے وزیراعظم عمران خان قوم کواعتمادمیں لیں گے۔
نہوں نے کہا کہ ارکان کو دھمکی دینے یا رابطوں میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی ارادہ نہیں، پیپلزپارٹی نے لانگ مارچ کیا تو حکومت نے کہیں نہیں روکا، لانگ مارچ کرنے والوں کوآئندہ بھی نہیں روکا جائےگا۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک کا سیاسی وجمہوری طریقے سے مقابلہ کریں گے، اپوزیشن والے نمبرز پورے کرنے کے دعوے کررہے ہیں، نمبرزپورے ہیں تواسلام آبادمیں دھرنوں کی کیا ضرورت ہے لیکن ان کی صفوں میں انتشار ہے، ان کا بس ایک چیز پر اتفاق ہے کہ عمران خان کو ہٹانا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی مستقبل کی منصوبہ بندی نہیں کہ سیٹ اپ کیا ہوگا، نئی حکومت کی مدت کیا ہوگی اور وزیراعظم کون ہوگا، بھانت بھانت کی بولی اور چوں چوں کا مربہ ہے، ان کی منزل ایک ہے نہ نشان اور نہ ہی جھنڈا، کیا (ن) لیگ بلاول کو اور پیپلزپارٹی شہباز کو وزیراعظم بنائے گی؟
انہوں نے مزید کہا کہ عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں، لوگ سمجھتے ہیں یہ ناپاک اور غیر فطری اتحاد ہے جو دیرپا نہیں ہوگا، یہ ایک وقتی بلبلا ہے، لوگ دیکھ لیں گے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگا۔