وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے مارشل لا سے متعلق دیے گئے بیان کی مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مارشل لا لگانے کا بیان قابل مذمت ہے، جو سیاستدان 26 سال سیاسی جدوجہد کا دعویٰ کرتا ہے وہ یہ نہیں کہتا کہ مارشل لا لگانا ہے تو لگادو، جمہوریت پسند سیاستدان اداروں کو مارشل لا لگانے پر نہیں اکساتا، اس کا مطلب ہے عمران خان چاہتے ہیں ملک میں مارشل لا لگے۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں وہ اقتدار میں نہیں تو کوئی اور بھی نا ہو، یہ جمہوری اور آئینی نہیں، فاشسٹ سوچ کی نشانی ہے، ادارے کہہ رہے ہم سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے اور یہ کہتے ہیں کہ مداخلت کرو اور مجھے اقتدار میں لاؤ، ان کا مقصد ہے ڈیل دو یا مارشل لا لگاؤ۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا کوئی پارلیمانی اور آئینی جمہوریت میں یقین رکھنے والا سیاستدان اداروں سے غیر آئینی کام کرنے کا مطالبہ کر سکتا ہے؟ ان کی 26 سال کی جدوجہد صرف چیرٹی کے نام پر پیسے کھانے میں گزری ہے، کون سا سیاستدان اداروں سے غیر آئینی مداخلت یا مارشل لا لگانے کا مطالبہ کرتا ہے۔