قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عوام سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں شریک ہونے کی اپیل کی ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کو مزید وقت دینے کا مطلب عوام کی مزید تباہی، مزید مہنگائی، مزید بے روزگاری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ظالم حکومت سے نجات حاصل کیے بغیر ملک اور عوام کی معاشی حالت نہیں سدھرے گی۔
شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو شہری و کاروباری تنظیموں اور عوامی انجمنوں کے ساتھ اشتراک عمل یقینی بنانے کی ہدایت کی اور انہوں نے عوام سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں شریک ہونے کی اپیل بھی کی۔
اب گھبرانے کا وقت آ چکا ہے: ترجمان پی ڈی ایم
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کیخلاف عوام کی آواز بن کر آج سے سڑکوں پر نکل رہے ہیں، اب گھبرانے کا وقت آ چکا ہے، اگر آج بھی قوم نہیں گھبرائے گی تو مہنگائی کا سونامی قوم کو لے ڈوبےگا۔