شہباز شریف نے حکومت کیخلاف نئی حکمت عملی کیلئے اپوزیشن قیادت سے مشاورت شروع کردی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مہنگائی اور حکومت کے خلاف نئی حکمت عملی کیلئے اپوزیشن قیادت سے مشاورت شروع کردی۔

شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا۔ ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پرگفتگو کی۔

بلاول اور شہبازشریف کے درمیان ملک میں بدترین مہنگائی کے بعد عوامی مسائل پر گفتگو ہوئی جبکہ دونوں رہنماؤں نے پارلیمان میں اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی بات چیت کی۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپوزیشن کے دیگر رہنماؤں مولانا فضل الرحمان، اخترمینگل، آفتاب شیرپاؤ، ایمل ولی خان، انس نورانی اورڈاکٹر مالک بلوچ سے بھی ٹیلیفونک رابطے کیے۔

اپوزیشن قیادت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی مشترکہ حکمت عملی اور نیب ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے مشاورت کی جبکہ رہنماؤں نے بدترین مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل پر اتفاق کیا۔

اپوزیشن رہنماوں کا کہناتھا کہ یہ حکومت رہی تو عوام اور معیشت زندہ نہیں رہے گی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے عوام کیلئے ریلیف پیکج کے اعلان کے ایک روز بعد ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں