وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بالکل سیف زون میں ہے اور شہباز شریف حکومت کی مینجمنٹ کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ نہیں کیا۔
سرکاری ٹی وی پر جاری بیان میں وزیر خزانہ نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2 ارب 56 کروڑ ڈالر رہا ہے اور حکومتی کاوشوں سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی، جون میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 334 ملین ڈالر رہا، پچھلے 4 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا اور مالی سال2022-23 کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارا 2.56ارب ڈالر رہا جب کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارا تقریباً 14.65 فیصد کم ہوا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے تمام بیرونی ادائیگیوں کو وقت پر کیا ہے، حکومت نے یقینی بنایا ہے کہ ڈیفالٹ کی پوزیشن کی ذرا سی بھی نوبت نہ آئے، شہباز شریف کی حکومت کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ نہیں کیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹوٹل نمبرز اور مینجمنٹ پر وزیراعظم، اپنی ٹیم اور اسٹیٹ بینک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، شہباز شریف نے جب وزارت عظمیٰ کا حلف لیا تھا اس وقت ٹوٹل اسٹیٹ بینک کے ذخائر تقریباً 14اور 15 بلین ڈالر تھے، پوری کوشش ہے جب حکومت آئینی مدت مکمل کرے تو ذخائر اتنے ہی ہوں جتنے شہباز شریف کے وزارت عظمیٰ کے حلف اٹھاتے وقت تھے۔