شوگر سکینڈل پر فرانزک رپورٹ، ‘ایف آئی اے کو مزید وقت درکار’

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے شوگر سکینڈل پر فرانزک رپورٹ جمع کروانے کے لیے مزید وقت مانگ لیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے ایک رکن نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے وزیراعظم عمران خان سے فرانزک رپورٹ جمع کروانے کے لیے مزید وقت مانگا ہے۔
کابینہ کے رکن کے مطابق ‘رپورٹ تیار کرنے میں کچھ دن مزید لگ سکتے ہیں جیسے ہی رپورٹ تیار ہوگی وزیراعظم کو پیش کی جائے گی اور وزیراعظم رپورٹ کو منظر عام پر لائیں گے۔’
خیال رہے کہ ملک میں آٹے اور چینی کے بحران کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
ابتدائی رپورٹ میں سیاسی اثرو رسوخ رکھنے والے شوگر مل مالکان کو چینی کی قلت، قیمتوں میں اضافے اور منافع حاصل کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔

وزیراعظم کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین کو بھی ذمہ دار قرار دیا گیا تھا جس کے بعد حکومت  نے جہانگیر ترین کو زرعی ورکنگ گروپ کے عہدے سے الگ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم نے شوگر ملز کے فرانزک آڈٹ کا حکم دیا تھا جس کی رپورٹ آج یعنی 25 اپریل کو وزیراعظم کو پیش کی جانی تھی۔
ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی تھیں۔ رپورٹ میں وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی کا نام آنے کے ان سے فوڈ سکیورٹی کی وزارت واپس لے کر سید فخر امام کو دے دی گئی تھی۔
جبکہ خسرو بختیار کو اقتصادی امور کا قلمدان سونپ دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں