سپریم کورٹ کے 15 رکنی فل کورٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی سماعت براہ راست نشر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کچھ دیر بعد ہو گی۔
کیس کی سماعت سپریم کورٹ کا 15 رکنی فل کورٹ سنے گا تاہم سماعت سے قبل چیف جسٹس کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس جاری ہے جس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی کارروائی براہ راست نشر کرنے سمیت مختلف عدالتی امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ فل کورٹ اجلاس میں عدالتی کارروائی براہ راست دکھانے پر اتفاق ہو گیا ہے اور عدالتی کارروائی براہ راست دکھانے کے لیے کورٹ روم نمبر ون میں کیمرے نصب کرنا شروع کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی کارروائی دکھانے کے لیے 5 کیمرے کمرہ عدالت نمبر ایک میں نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ چار کیمرے وزیٹرز گیلری میں لگائے گئے ہیں اور ایک کیمرا ججز ڈائس کے سامنے وکلا کے روسٹرم کے لیے نصب کیا گیا ہے۔