مشیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے 3 بلین ڈالرز کے ڈیپازٹ پاکستان کے مرکزی بینک کو موصول ہوگئے ہیں۔
اپنی ایک ٹویٹ میں مشیر خزانہ نے کہا کہ ’اچھی خبر، سعودی عرب سے تین بلین ڈالرز بطور ڈیپازٹ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ وہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مملکت سعودی عرب کے مشکور ہیں۔پچھلے ماہ 29 تاریخ کو سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ 4.2 بلین ڈالرز کے دو اقتصادی معاہدوں پر دستخظ کیے تھے۔اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پہلے معاہدے میں مملکت کی طرف سے پاکستان کے مرکزی بینک میں غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کی مدد کے لیے تین بلین ڈالرز ڈپازٹ شامل ہے، تاکہ کورونا وباء سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات میں مدد ملے۔
اس معاہدے پر پاکستان کے مرکزی بینک کے گورنر جناب رضا باقر اور فنڈ کے سی ای او نے کراچی میں قونصل جنرل بندر بن فہد الدایل کی موجودگی میں دستخط کیے تھے۔
دوسرا معاہدہ 1.2 بلین ڈالر کا تھا جو کہ پٹرولیم مصنوعات کی تجارت کے لئے مختص ہے۔