سعودی عرب کے حکام نے 1932 میں سلطنت کے قیام کے بعد پہلی بار رواں سال حج منسوخ کرنے پر غور شروع کردیا ہے
سعودی وزارت حج و عمرہ کے سینئر عہدیدار نے برطانوی اخبار ‘فنانشل ٹائمز’ کو بتایا کہ ‘ملک میں کورونا وائرس کے کیسز ایک لاکھ سے زائد ہونے کے بعد حکام رواں سال حج منسوخ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔’
انہوں نے کہا کہ ‘حکام معاملے کا باریکی سے جائزہ لے رہے ہیں اور مختلف پہلوؤں پر غور کیا جارہا ہے، جبکہ باضابطہ فیصلہ ایک ہفتے کے اندر کر لیا جائے گا۔’
واضح رہے کہ چند روز قبل غیر ملکی خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت نے رواں برس حج میں عازمین کی تعداد کو بڑے پیمانے پر کم کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے۔