سعودی بادشاہ طبی معائنے کیلئے ہسپتال منتقل

سعوی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کو طبی معائنے کے لیے بحیرہ احمر کے شہر جدہ ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں ’اے ایف پی‘ اور ’رائٹرز‘ نے ’سعودی پریس ایجنسی‘ کے حوالے سے کہا کہ شاہی محل سے جاری بیان میں شاہ سلمان کی طبیعت کے حوالے سے مزید تفصیلات نہ بتاتے ہوئے کہا گیا کہ ’ان کے شاہ سلمان اسپیشلسٹ ہسپتال میں ٹیسٹ کیے جارہے ہیں‘۔بیان میں سعودی بادشاہ کی صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’خدا خادمین حرمین الشریفین کو محفوظ رکھے اور وہ صحت و تندرستی سے لطف اندوز ہوں‘۔

واضح رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان، ولی عہد اور نائب وزیر اعظم کے عہدوں پر ڈھائی سال سے زیادہ وقت گزارنے کے بعد 2015 میں دنیا کے بڑے آئل برآمد کنندہ ملک کے بادشاہ بنے تھے۔

وہ 50 سال سے زائد عرصے تک سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔

86 سالہ سعودی بادشاہ کا 2020 میں پتے کا آپریشن ہوا تھا اور ان کے دل کے پیس میکر کی بیٹری مارچ میں تبدیل ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کے ڈی فیکٹو حکمران اور تخت کے اگلے جانشین ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ہیں، جنہیں بڑے پیمانے پر ’ایم بی ایس‘ کہا جاتا ہے، جنہوں نے مملکت کی معیشت کو تبدیل کرنے اور اس کا انحصار تیل پر سے ختم کرنے کے لیے اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں