سطح سمندر میں اضافے سےکراچی کے ساحلی علاقوں کے 2060 تک ڈوبنےکا خدشہ

ماہرین نے خبردار کیا ہےکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سطح سمندر میں اسی شرح سے اضافہ ہوتا رہا تو کراچی کے ساحلی علاقے 2060 تک ڈوب سکتے ہیں ۔

سمندر اور ماحول کے بڑھتے درجہ حرارت،گلیشیئرز کا پگھلنا اور سطح سمندر میں اضافہ یہ سب موسمیاتی تبدیلی کے اثرات دنیا سہہ رہی ہے۔

پاکستان کا سمندربھی ماحولیاتی تبدیلی کے زیر اثر ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان میں سطح سمندر میں سالانہ ایک اعشاریہ دو ملی میٹر اضافہ ہورہا ہے۔یہی وجہ ہےکہ ماہرین نے خدشہ ظاہرکیا ہےکہ سطح سمندر میں اسی رفتار سے اضافہ ہوتا رہا تو مستقبل میں کراچی کے بہت سے ساحلی علاقوں کو یہ اضافہ لے ڈوبے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی کے سمندر سے5 کلومیٹر دور 800اسکوائر کلومیٹر کا ساحلی علاقہ سطح سمندر بڑھنے کے باعث غیر محفوظ ہے، سطح سمندر بلند ہونے سے کلفٹن ،کے پی ٹی اور پورٹ قاسم سمیت دیگر ساحلی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں،  ماہرین نے تعمیراتی کام کو سمندر سے دو سو میٹر دور محفوظ بفرزون میں کرنےکی تجویز بھی دی ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ اگر دنیا نے گرین ہاؤس گیسز کا اخراج کم کرنے میں سنجیدگی نہ لی تو موسمیاتی تبدیلی کو قابو کرنا انسان کے بس میں نہیں رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں