اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہےکہ سستے فیول پروگرام پر آئی ایم ایف کا اعتراض نہیں بنتا۔
ایک بیان میں مصدق ملک نے کہا کہ امیر کے لیے فیول مہنگا اور غریب کےلیے سستاکر رہے ہیں اور اس پروگرام پر کوئی سبسڈی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سڑکوں پر 2کروڑ موٹر سائیکلیں ہیں، اس اسکیم سے 800 سی سی گاڑیاں ملا کر 2کروڑ 14لاکھ موٹرسائیکل اور گاڑیاں فائدہ اٹھائیں گی، موٹر سائیکلز پر ماہانہ 420 ملین لیٹر پیٹرول استعمال ہوگا، گاڑیوں سمیت موٹر سائیکلز کے لیے ماہانہ 461 ملین لیٹر فیول استعمال ہونے کا تخمینہ ہے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ سستے فیول پروگرام پر آئی ایم ایف کا اعتراض نہیں بنتا، غریب آدمی کو 100روپے فی لیٹر ریلیف کے پروگرام پر کام ہورہا ہے، فیول کارڈ پر ڈائریکٹ ریلیف اور کوڈ کے ذریعے ریلیف دینے کا جائزہ لیا گیا، کوڈ کے ذریعے فیول کی فراہمی سب سے بہتر سمجھی گئی۔