اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سلامتی کے معاملات کا فوری اور مستقل حل نکالنے کا مطالبہ کردیا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سوات میں گیارہ بارہ سال کے وقفے کے بعد پھر وہی سلسلہ شروع ہوگیا، بلوچستان میں دہائیوں سے عسکریت پسندی چل رہی ہے، وقت تیزی سے گزررہا ہے، یہ آگ سب کے دامن تک پہنچ سکتی ہے، وفاق کو خطرات ہوسکتے ہیں۔
وزیردفاع نے کہا کہ فوج، عدلیہ، سیاستدان، سب سے غلطیاں ہوئی ہیں، سب اداروں کو ریاست کو درپیش خطرے سے فوری نمٹنا چاہیے۔
خواجہ آصف نے کابینہ اجلاس میں بلوچستان پر کمیشن بنانے کا معاملہ اٹھانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وفاقی وزیر نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک شخص کا اقتدارآئینی طریقے سے ختم کیا وہ ملک کونقصان پہنچا رہا ہے، اقتدار کی جنگ بعد میں بھی لڑی جاسکتی ہے، توجہ قوم اور ریاست کے مسائل پر ہونی چاہیے۔