ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ سے قبل قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے وقار یونس سے جو کہا وہ سچ کر دکھایا۔
گزشتہ شب لاہور اور پشاور کے درمیان شاندار مقابلہ ہوا جس میں قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے، جواب میں پشاور 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بناسکی اور یوں اسے 40 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے دوران کی جانے والی کمنٹری میں سابق بولر وقار یونس نے بتایا کہ میچ سے قبل میری شاہین سے ملاقات ہوئی جس میں اس نے کہا کہ وقار بھائی دیکھیے گا، آج میں 5 وکٹیں لوں گا۔
وقار یونس نے کہا کہ شاہین اپنے الفاظ پر قائم رہا اور اس نے 5 وکٹیں لے کر خود کو سچ ثابت کیا۔
وقار یونس کے اس بیان کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہورہے ہیں اور صارفین شاہین کی بولنگ کو ہمیشہ کی طرح سراہ رہے ہیں۔