ریاض: غزہ سے متعلق عرب لیگ ہنگامی اجلاس سے قبل، عرب وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات

سعودی عرب میں ہفتے کے روز منعقد ہونے والے عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس سے قبل عرب ممالک کے وزارئے خارجہ کے درمیان ریاض میں اہم ملاقات ہوئی۔

عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس سے قبل تیاریوں سے متعلق ہونے والی اس ملاقات میں عرب لیگ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل حسام ذکی کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے کے دن ہونے والے عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس سے پیغام جاناچاہیےکہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور فلسطینیوں کی حمایت کیلئے عرب ممالک کیا حکمت عملی اختیار کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اسرائیلی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا جائے۔

عرب لیگ وزرائے خارجہ کی اس اہم ملاقات کے دوران سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کے عزم  کا اعادہ کرتے ہوئے پناہ گزین کیمپوں پر حملے کرکے سینکڑوں فلسطینیوں کو شہید کرنے پر اسرائیل کی شدید مذمت کی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب رواں ہفتے غزہ میں جاری جنگ اور فلسطین کی صورتحال سے متعلق دو اہم اجلاسوں عرب لیگ اور او آئی سی سمٹ کی میزبانی کررہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز او آئی سی اجلاس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شرکت بھی متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں