قومی ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے کئی سال سے عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائز کپتان بابر اعظم کو ٹی 20 کے نمبر ایک بلے باز کی پوزیشن سے محروم کردیا اور خود پہلے نمبر پر براجمان ہوگئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق ایک ہزار دن سے زائد ٹی20 کے عالمی نمبر ایک بلے باز کے منصب پر براجمان رہنے والے بابر اعظم، ایشیا کپ میں ناقص فارم کے سبب تنزی کا شکار ہو کر 794 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان کے لیے چھ ملکی ٹورنامنٹ اب تک کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا اور وہ اب تک تین میچوں میں صرف 33 رنز بنا سکے ہیں۔بابر کے برعکس رضوان نے بہترین کھیل پیش کیا اور وہ اب تک ایونٹ میں 193 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز ہیں۔
انہوں نے ہانک کانگ اور بھارت کے خلاف میچ میں بالترتیب 78 اور 71 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی فتوحات کی راہ ہموار کی۔
اس عمدہ کارکردگی کی بدولت گزشتہ دو سال سے بہترین کھیل پیش کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز ٹی20 کے نمبر ون بلے باز بننے میں کامیاب ہوگئے۔ٹی20 کرکٹ میں بابر اور مصباح کے بعد رضوان عالمی نمبر ایک بننے والے تیسرے پاکستانی بلے باز ہیں تاہم بابر کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ ایک ہزار 155 دن تک اس منصب پر فائز رہے۔
اس کامیابی پر رضوان نے اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہوئے کہا کہ اسے بابر اعظم کی حکمرانی کا ایک ہزار 156واں دن تصور کریں، کپتان اور میں الگ نہیں ہیں، ہم سب ایک ہیں۔
ایشیا کپ میں عمدہ کھیل کی بدولت سری لنکن بلے باز پاتھم نسانکا بھی ایک درجہ بہتری کے بعد آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں اور 52 رنز کی باری کھیل کر انہوں نے سری لنکا کو بھارت کے خلاف میچ میں کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
افغان بلے باز رحمٰن اللہ گرباز بھی بڑی چھلانگ لگانے والے کامیاب رہے اور سری لنکا کے خلاف 84 رنز کی جرأت مندانہ اننگز کی مدد سے 14 درجے بہتری کے بعد 15ویں نمبر پر آگئے ہیں۔سری لنکا کے خلاف میچ میں روہت شرما کی 72 رنز کی اننگز ان کی ٹیم کے تو کسی کام نہ آسکی لیکن وہ چار درجے چھلانگ لگا کر 13ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
باؤلنگ میں افغان اسپنر مجیب الرحمٰن تین درجے بہتری کے بعد ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین کے ہمراہ چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔
ایشیا کپ میں نپی تلی باؤلنگ کا صلہ مہیش تھکشانا کو پانچ درجے بہتری کی شکل میں ملا اور وہ ٹاپ 10 میں جگہ بناتے ہوئے آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔