‘دھونی انڈیا کے لیے دوبارہ نہیں کھیلیں گے’

انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے آف سپنر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ ‘وہ نہیں سمجھتے کہ مہندر سنگھ دھونی انڈیا کے لیے کبھی دوبارہ کھیلیں گے۔’
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ‘انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی گذشتہ ورلڈ کپ سے اب تک انڈیا یا کلب کی جانب سے کوئی میچ نہیں کھیلے اور لاک ڈاؤن ان کی واپسی کے امکانات کو مزید کم کر دے گا۔’
کورونا وائرس کی وجہ سے رواں برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اہم ایونٹ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) تاحال منعقد نہیں کی جا سکی اور اس لیگ کو مختصر یا منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے۔
ہربھجن سنگھ جو آئی پی ایل میں دھونی کے ساتھ چنئی سپر کنگز کی جانب سے کھیلتے ہیں، کا کہنا ہے کہ ‘دھونی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہیں اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی ان سے اس بارے میں بار بار استفسار بھی کر رہے ہیں۔’
ایک آن لائن فورم پر گفتگو کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ ‘یہ دھونی پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں، آپ کو یہ معلوم کرنے کی ضرورت ہے کہ کیا وہ دوبارہ انڈیا کی جانب سے کھیلنا چاہتے ہیں؟’
‘جہاں تک مجھے معلوم ہے وہ دوبارہ انڈیا کی نیلی جرسی نہیں پہننا چاہتے، وہ آئی پی ایل کھیلیں گے، لیکن جہاں تک انڈیا کا تعلق ہے میرا خیال ہے کہ وہ یہ طے کر چکے ہیں کہ 2019 کا ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری ایونٹ تھا۔’
یاد رہے کہ مہندر سنگھ دھونی نے 2014 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، اور رواں برس مارچ میں انہوں نے آئی پی ایل کھلینے کے لیے ٹریننگ بھی شروع کر دی تھی تاہم اپنے مستقبل کے حوالے سے انہوں نے ابھی کوئی بات نہیں کی۔
مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں انڈیا نے پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا، انہوں نے بطور کپتان 2011 کے ورلڈ کپ میں بھی کامیابی حاصل کی۔ انڈیا میں انہیں ایک ہیرو کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انہوں نے 350 ایک روزہ میچز کھیل کر 10 ہزار 773 رنز بنا رکھے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں