وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹیو کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کل چینی بینک نے پاکستان کو 600 ملین ڈالر رول اوور کر دیے ہیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان کے ذخائر میں 600 ملین ڈالرکا اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے محدود وسائل کے باوجود پاکستان کا نام روشن کیا،کھیل کے میدان میں نوجوانوں نے پاکستان کا جھنڈا پوری دنیا میں بلند کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم ملک کا نام روشن کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کھیلوں کے شعبے کے لئے پانچ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نوجوانوں کی محنت اور جدوجہد سے آگے بڑھے گا، اس موقع پر وزیراعظم نے کامیاب کھلاڑیوں کے والدین اور کوچز کو مبارک باد پیش کی۔