خادم حسین رضوی: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ کی نمازِ جنازہ، مینارِ پاکستان کے مقام پر بڑا ہجوم

مذہبی و سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کی نمازِ جنازہ سنیچر کو پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں مینارِ پاکستان کے گراؤنڈ میں ادا کی جا رہی ہے۔

تحریک لبیک پاکستان کے بانی خادم حسین رضوی 55 سال کی عمر میں پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں وفات پا گئے تھے۔

سنیچر کو نمازِ جنازہ کے موقع پر شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ان کے حامیوں کا ایک بڑا ہجوم منٹو پارک (جو اب گریٹر اقبال پارک کہلایا جاتا ہے) میں اس تاریخی یادگار کے اردگرد موجود ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنازے میں پاکستان کی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان سمیت کثیر تعداد میں لوگ شریک ہیں۔ لاہور کی اہم شاہراہ ملتان روڈ پر کئی دکانیں بند کر دی گئی ہیں اور ٹریفک کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

بریلوی سوچ کے حامل 55 سالہ خادم حسین رضوی جمعرات کو لاہور کے شیخ زید ہسپتال میں مردہ حالت میں لائے گئے تھے۔ جماعت کے ترجمان قاری زبیر نے بی بی سی کے اعظم خان کو بتایا ہے کہ ان کے وفات کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہے۔ ان کے مطابق گذشتہ چند روز سے خادم رضوی کی طبیعت خراب تھی۔

لاہور میں شیخ زید ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اکبر حسین نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ رات 8 بج کر 48 منٹ پر خادم رضوی کو مردہ حالت میں ہسپتال کے ایمرجنسی وراڈ لیا گیا تھا اور اس سے قبل وہ یہاں زیر علاج نہیں تھے

اپنا تبصرہ بھیجیں