مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات کروائے تاکہ ان کا احتجاج کا عذر ختم ہوجائے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے مائکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پیغام میں لکھا کہ حکومت کو پی ٹی آئی رہنماؤں کی ان کے قائد سے ملاقات کراکر احتجاج کا عذر ختم کر دینا چاہیے۔
انہوں نے اس بات کا اندیشہ ظاہر کیا کہ ملاقات کروا بھی دی گئی تو پی ٹی آئی احتجاج کا کوئی اور بہانہ نکال سکتی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے اپنے ٹوئیٹ میں طنز کرتے ہوئے لکھا کہ غیر ملکی مہمانوں کی پاکستان آمد کے موقع پر جھگڑا کرنا پی ٹی آئی کی پرانی روایت ہے، انہوں نے تنبیہ کی کہ کارکنان اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو آئے روز آمنے سامنے کروانا نہایت خطرناک کام ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی سے احتجاج کی کال غیر مشروط طور پر واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔