تیسرا ٹی20: پاکستان سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیاب، بنگلہ دیش کو کلین سوئپ شکست

پاکستان نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو تیسرے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جہاں سیریز کے پہلے دونوں میچز بھی کھیلے گئے تھے۔

بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایک بار پھر اس کی اوپننگ جوڑی ناکام رہی اور 7 کے مجموعے پر نجم الحسین شانتو 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنا ڈیبیو کرنے والے شاہنواز دہانی نے اپنے پہلے ہی اوور میں نجم الحسین کی وکٹیں بکھیر دیں۔

شمیم حسین نے محمد نعیم کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 37 رنز تک پہنچایا لیکن اس موقع پر وہ عثمان قادر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

محمد نعیم نے اور عفیف حسین نے ٹیم کی پوزیشن بہتر کرنے کا بیڑا اٹھایا اور اسکور 80 تک پہنچا جس کے بعد عفیف حسین کی اننگز کا خاتمہ ہوا۔

اننگز کے آخری تین اوورز میں بنگلہ دیش کی 4 وکٹیں گریں جن میں محمد نعیم بھی شامل تھے جنہوں نے 47 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور عثمان قادر نے 2، 2 جبکہ شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنرز نے ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا، بابر اعظم 25 گیندوں پر 19 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر محمد رضوان کا ساتھ دینے حیدر علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 51 رنز کی شراکت قائم کی۔

محمد رضوان نے 43 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے لیکن شاہد الاسلام نے ان کی وکٹیں بکھیر کر ٹیم کو دوسری کامیابی دلا دی۔

حیدر علی کا ساتھ دینے سرفراز احمد آئے لیکن وکٹ کیپر بلے باز پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے جس کی وجہ سے درکار رن ریٹ بڑھتا گیا۔

آخری اوور میں پاکستان کو فتح کے لیے 8 رنز درکار تھے لیکن اوور کی دوسری ہی گیند سرفراز احمد باؤنڈری پر کیچ ہو گئے۔

پاکستان کو اگلا دھچکا اس وقت لگا جب اگلی ہی گیند پر حیدر بھی چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہو گئے، حیدر نے 38 گیندوں پر 2 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 45رنز بنائے۔

افتخار نے آتے ہی چھکا لگایا اور پھر اگلی ہی گیند پر وہ بھی کیچ ہو گئے جس کی بدولت محموداللہ نے تیسری وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کو آخری گیند پر فتح کے لیے دو رنز درکار تھے لیکن آخری گیند سے قبل کچھ ڈرامائی لمھات بھی دیکھنے کو ملے۔ بنگلہ دیشی کپتان نے آخری گیند کرائی لیکن نواز نے گیند وکٹ پر پہنچنے سے قبل ہی وکٹ چھوڑ دی اور امپائر نے اس گیند کو ڈیڈ بال قرار دیا جبکہ اگلی گیند پر محموداللہ نے رن اپ مکمل کرنے کے بعد بھی گیند نہ پھینکی۔

تاہم یہ ڈرامات لمحات اس وقت اختتام کو پہنچے جب نواز نے آخری گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے بعد 5 وکٹوں سے فتح دلا دی۔

پاکستان نے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

حیدر علی کو میچ اور محمد رضوان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ان کی سرفراز احمد سے ڈیبیو کیپ حاصل کرنے کی ویڈیو شیئر کی گئی، آج کے پلیئنگ الیون میں سرفراز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔میچ کے لیے دونوں ٹیمیں درج ذیل کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، حیدر علی، سرفراز احمد، خوشدل شاہ، افتخار احمد، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، عثمان قادر، حارث رؤف اور شاہنواز دھانی

بنگلہ دیش: محمود اللہ (کپتان)، محمد نعیم، شمیم حسین، نجم الحسین شانتو، عفیف حسین، نورالحسن، مہدی حسن، امین الاسلام، شہیدالاسلام، تسین احمد اور نسُم احمد

واضح رہے کہ پاکستان کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں