اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے وارنٹ گرفتاری کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہےکہ عمران خان توشہ خانہ کیس میں متعدد بارعدالتی پیشی پر غیرحاضر رہے، وہ آخری سماعت کے عدالتی اوقات کے اندرپیش نہیں ہوئے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ عمران خان کی درخواست کےمطابق وہ جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کےباعث کچہری نہیں آسکتے، صاف ظاہر ہورہا ہے کہ عمران خان عدالتی پیشیوں کواپنی ترجیحات کے مطابق رکھ رہے ہیں اور توشہ خانہ کیس ان کی ترجیحات میں شامل نہیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عمران خان ضلع کچہری سے چند منٹوں کی دوری پر تھے، ان کی درخواست قابل قبول نہیں اس لیے مسترد کی جاتی ہے اور عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔
عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کو 7 مارچ کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔