وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سے پاکستان کےعوام کا پی ٹی آئی پر اعتماد بڑھا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں سینیئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے پاکستان کےعوام کا پی ٹی آئی پر اعتماد بڑھا ہے، عوام کی نظر میں گورننس اور پرفارمنس کے معاملات کےحوالے سے عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت کا جو امیج متاثر ہوا تھا وہ تحریک عدم اعتماد کی وجہ سے بڑی تیزی سےاوپر گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، وہ ہرگز بلیک میل نہیں ہوں گے اور تحریک عدم اعتماد کا ہر صورت مقابلہ کریں گے۔
ملاقات میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور پرویز خٹک بھی شریک تھے، انہوں نے وزرا کی موجودگی میں حوصلہ افزا بیانات بھی دیے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے 27 تاریخ کے جلسے میں لاکھوں لوگ اکھٹے کرنے کی امید بھی ظاہر کی جو اس بات کا ثبوت ہوگا کہ پاکستان کے عوام کا وزیراعظم پر اعتماد اب بھی برقرار ہے۔
دو روز قبل وزیراعظم عمران خان کا اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن نے اپنے تمام کارڈز ظاہر کر دیے ہیں، اس سے جلد بہت بڑا سرپرائز دینے والے ہیں، کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا، عدم اعتماد والا میچ ہم جیتیں گے اور27 مارچ کا جلسہ تاریخی ہو گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مخالفین کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ تحریک عدم اعتماد کے خوف سے گھر بیٹھ جاؤں گا، اپوزیشن کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا اور مخالفین کے دباؤ پر کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا۔
خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا رکھی ہے۔
تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد آج ہونے والا قومی اسمبلی کا اہم اجلاس معمول کی کارروائی کے بغیر پیر تک ملتوی کردیا گیا۔
اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد سے ملک میں سیاسی درجہ حرارت میں کافی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے تند و تیز سیاسی بیانات دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور ہر ایک فریق تحریک عدم اعتماد کی کارروائی میں کامیابی کے دعوے کرتا نظر آرہا ہے۔