بھٹنڈا واقعہ: بھارتی فوجی نے اپنے ہی چار ساتھیوں کے قتل کا اعتراف کرلیا

بھارتی پنجاب کے علاقے بھٹنڈا کے ملٹری اسٹیشن پر چار فوجیوں کے قتل کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 12 اپریل کو بھٹنڈا کے ملٹری اسٹیشن پر فائرنگ سے 4 فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد ایک فوجی اہلکار کو واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کےمطابق پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کے بعد گرفتار کیے جانے والے اہلکار دیسائی موہن نے چاروں فوجیوں کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے اور اس کی وجہ ذاتی دشمنی بتائی ہے۔

پولیس کے مطابق چاروں فوجیوں کو 12 اپریل کو ان کے ملٹری اسٹیشن میں سوتے ہوئے قتل کیا گیا تھا۔

بھارتی فوجی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ایک فوجی جوان نے پولیس کی تفتیش کے دوران 12 اپریل کو اپنے چار ساتھیوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے جس کی وجہ اس نے ذاتی عناد بتائی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ 9 اپریل کو اس نے لوڈڈ میگزین کے ساتھ اسلحہ چوری کیا جسے اس نے چھپا دیا جب کہ 12 اپریل کو اس نے اپنے خفیہ مقام سے ڈیوٹی کے دوران اسلحہ نکالا اور فلور پر جاکر سوتے ہوئے اپنے چاروں ساتھیوں کوقتل کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں