بھارت میں زیر حراست سمیرا کو پاکستانی شہریت کا تصدیق نامہ جاری کردیا، وزیر داخلہ

بھارت میں زیرحراست سمیرا کو پاکستانی شہریت کا تصدیق نامہ جاری کردیا گیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ سمیرا کو شہریت نامہ نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)  سے خاندان کی تصدیق کے بعد جاری کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے ’شہریت تصدیق نامہ‘ کا مراسلہ آج  وزارت خارجہ کو بھیج دیا ہے، شہریت کی تصدیق  پر سمیرا کو نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سفری دستاویز جاری کردےگا۔

شیخ رشید نے بتایا کہ سفری دستاویز جاری ہونے  پر سمیرا نام کی پاکستانی شہری وطن واپس آسکیں گی،سمیرا کے ساتھ ان کی 4 سال کی بیٹی بھی پاکستان آسکے گی ۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھارتی انسانی حقوق کی کارکن ایڈووکیٹ سہانا بسواپٹنا نے بتایا تھا کہ سمیرا بنگلورکے اسٹیٹ ہوم فار ویمن کے حراستی مرکز میں ہیں، سمیرا کے ہمراہ ان کی چار سال کی بیٹی بھی موجود ہے۔

سہانا کے مطابق سمیرا کا تعلق کراچی سے ہے، سمیرا کے والدین گذشتہ کئی برسوں سے قطر میں روزگار کے لیے مقیم ہیں، قطر میں والدین کی مرضی کے خلاف سمیرا نے بھارتی نوجوان سے شادی کی، سمیراشوہر کے ہمراہ بغیر ویزے کے 2016 میں انڈیا میں داخل ہوئیں، کچھ عرصے بعد بھارتی حکام کی جانب سے دونوں کو گرفتار کرلیا گیا، شوہر پر انہیں بغیر ویزا انڈیا لانے میں سہولت کاری کا الزام تھا، قید کے ابتدائی دنوں میں ہی جیل میں سمیرا کی بیٹی پیدا ہوئی۔

ایڈووکیٹ سہانا نے بتایا کہ کچھ عرصے بعد سمیرا کے شوہرکو ضمانت پر رہا کردیا گیا، شوہر نے رہائی کےکچھ عرصے بعد سمیرا سے رابطہ ختم کردیا، 18 نومبر 2021 کو نئی دہلی میں سمیرا نے پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران سے ملاقات بھی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں