بلوچستان کے شہر چمن میں بم دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق کوئٹہ سے تقریباً 120 کلومیٹر دور افغان سرحد سے ملحقہ چمن کے مصروف علاقے مال روڈ پر پیر کی صبح اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں سے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی گاڑی گزر رہی تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر چمن ذکا درانی نے حملے میں پانچ افراد کی ہلاکت اور تیرہ افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے اردونیوز کو بتایا کہ مرنے والے تمام افراد راہ گیر اور عام شہری ہیں جبکہ زخمیوں میں تین اے این ایف اہلکار بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال چمن پہنچا دیا گیا ہے، ضرورت پڑنے پر شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنرچمن کے مطابق دھماکے سے اے این ایف کی گاڑی سمیت کئی گاڑیوں اور دس سے زائد موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
ذکا درانی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا جس کا ہدف اے این ایف کی گاڑی تھی