پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر الیکشن سے انکار ہے۔
سپریم کورٹ بار کی تقریب سے خطاب میں ن لیگ پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں تو غیر جمہوری قوتوں کو دکھانا تھا جمہوری حکومت کیسے قائم کرتے ہیں، ہمیں تو پارلیمان اور عوام کا اعتماد بحال کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ راتوں رات سارے ادارے نیوٹرل ہو رہے تھے۔ ، واہ جی واہ، سب ایک ہی ادارے کے ذریعے احتساب کے قائل ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ججز سویلین کے احتساب کے تو بہت قائل ہیں مگر اپنے احتساب کے قائل نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2009 میں عوامی دباؤ پر عدلیہ کی بحالی سے ججوں کے تکبر میں اضافہ ہوا، 2013 کے الیکشن میں افتخارچوہدری اور عدلیہ نے واضح جانبداری کا مظاہرہ کیا اور 2018 کے الیکشن میں بھی عدلیہ کے فیوریٹس بہت واضح تھے۔
اپنے خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے فوری الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن جلد الیکشن کی تاریخ اور شیڈول کا اعلان کرے۔