ایک چھوڑ کر خان کی ہزار آڈیو ویڈیو جاری کریں کوئی فرق نہیں پڑنا: شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہےکہ ایک چھوڑ کر عمران خان کی ایک ہزار آڈیو ویڈیو جاری کی جائیں کوئی فرق نہیں پڑنا۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا ملک میں ہیجانی کیفیت ہے جس کا واحد حل صاف شفاف انتخابات ہیں، کل دوسری بار استعفے دینے کے لیے قومی اسمبلی جانا پڑا تو دوسری بار بھی جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا اوورسیز پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق عدلیہ دے گی اور ممبران کے استعفوں کا فیصلہ بھی عدلیہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کہہ رہا ہے کہ میں جانوں معیشت جانے اور مفتاح اسماعیل کہہ رہا ہے کہ بیڑہ غرق کر دیا، یہ ساری حکومت ’جمعہ جنج‘ کے ساتھ ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لوگ بچوں کی فیسیں نہیں ادا کر پا رہے، نہ بجلی کے بل دے پارہے ہیں، ہر طرف پھڈے ہی پھڈے ہیں، کہیں گورنر اور اسپیکر کا پھڈا ہے تو کہیں پیٹرولیم اور خارجہ میں پھڈا ہے، لوگ عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں ورنہ اس ملک میں خانہ جنگی کا خطرہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا فوج اور عدلیہ کے حوالے سے کوئی بات نہیں کروں گا، سیاستدان ہوں سیاست پر بات کروں گا، ایک چھوڑ کے عمران خان کی ایک ہزار آڈیو اور ویڈیو جاری کریں کوئی فرق نہیں پڑنا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا پرویز الہٰی نے دو تین دفعہ میرا نام لے کر گلے شکوے کیے، میں چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی سے متعلق کوئی بات نہیں کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں