انگلینڈ کی ٹیم نے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ستمبر اکتوبر میں سات ٹی20 انٹرنیشل میچوں کی سیریز کے بعد دسمبر میں تین ٹیسٹ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ سے جاری اعلامیے کے مطانق انگلینڈ کی ٹیم 20 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی اور لاہور میں سات ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جو کہ 17 سال بعد انگلینڈ کا پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو میچز کی میزبانی کرے گا جس کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں 28، 30 ستمبر اور پھر 2 اکتوبر کو بالترتیب تین میچز کی میزبانی کرے گا، یہ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے کھیلے جائیں گے۔
سات ٹی20 میچز انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے پہلے مرحلے کا حصہ ہوں گے جہاں مہمان ٹیم آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے بعد دسمبر میں تین ٹیسٹ کے لیے واپس پاکستان کا دورہ کرے گی۔
آئی سی سی رینکنگ میں دوسرے نمبر کی ٹیم کے خلاف ٹی20 سیریز پاکستان کے بمپر انٹرنیشنل سیزن کا آغاز کرے گی جہاں انگلینڈ کے خلاف ستمبر اور دسمبر کے میچوں کے بعد پاکستان دو بار نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا۔
پاکستان کی ٹیم پہلے دسمبر جنوری میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے اور پھر اپریل میں پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی20 میچوں کے لیے نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گی۔
اس کے بعد جنوری کے اواخر میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کی میزبانی بنے جس میں تین ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ اس کے بعد 50 اوورز کے میچز کا ایشیا کپ بھی منعقد ہو گا۔
انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی سیریز کے مکمل شیڈول کا اعلان بھی بعد میں کیا جائے گا۔
2022-23 کے سیزن میں پاکستان کی ٹیم پانچ ٹیسٹ، آٹھ ون ڈے اور 15 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کے علاوہ پکاستان میں چھ ڈومیسٹک مقابلوں کے 187 میچز، پاکستان سپر لیگ اور پاکستان جونیئر لیگ کے 19 میچز بھی ملک میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہا کہ ہمیں کراچی اور لاہور میں سات ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کے لیے انگلینڈ کی میزبانی کی تصدیق کرتے ہوئے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہا کہ ہمیں کراچی اور لاہور میں سات ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کے لیے انگلینڈ کی میزبانی کی تصدیق کرتے ہوئے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کا شمار سرفہرست انٹرنیشنل کرکٹ کی ٹی20 ٹیموں میں ہوتا ہے اور اس سیریز کی بدولت پکاستان کو ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔
ذاکر خان نے کہا کہ ہم نے مارچ/اپریل میں آسٹریلیا کے خلاف انتہائی کامیاب سیریز کی میزبانی کر کے ایونٹ کی منصوبہ بندی اور آپریشنل مہارت کا مظاہرہ کیا اور مجھے یقین ہے کہ جب انگلینڈ 2005 کے بعد پہلی بار ہمارا دورہ کرے گا تو ہم اسی کارکردگی کو دہرانے میں کامیاب رہیں گے۔