اعلیٰ اسرائیلی حکام سے ملاقاتیں، اردن اور قطر بھی جائیں گے
امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن منگل کے روز اسرائیلی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے لیے اسرائیل پہنچ گئے ہیں۔ ان کے شرقِ اوسط کے وسیع دورے کا یہ پہلا قیام ہے جس کا مقصد ایک دشوار اور بظاہر ناممکن جنگ بندی کے لیے مزید زور لگانا ہے۔
سات اکتوبر 2023 کے بعد سے اعلیٰ امریکی سفارت کار کا اس خطے کا یہ 11 واں دورہ ہے۔ یہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسرائیلی فوج نے فلسطینی علاقوں کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ ملیشیا کے خلاف اپنی مہم تیز کر دی ہے۔
بلنکن ایک ہفتے کے دورے کے دوران اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو، وزیرِ دفاع یوآو گیلنٹ اور دیگر حکام سے ملاقات کریں گے اور اس میں اردن اور قطر کا سفر بھی شامل ہے۔
ایک سال سے جاری غزہ جنگ اور اس کے نتیجے میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان تنازعہ ختم کرنے میں سفارتی کوششیں تاحال ناکام رہی ہیں۔ ایک سال کے دوران زیادہ تر لبنان کی جنوبی سرحد پر فائرنگ کے تبادلے کے بعد حالیہ ہفتوں میں لبنان-اسرائیل تنازعہ ڈرامائی طور پر شدت اختیار کر گیا ہے۔